پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کوئی بھی سیاسی جماعت پاکستان سے مخلص نہیں۔

یہ انکشاف آرمی چیف سے ملاقات میں موجود ایک کاروباری شخصیت زبیر موتی والا نے سما ٹی وی پر اینکر ندیم ملک کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان کی فوج کے سربراہ نے لاہور میں درجنوں کاروباری شخصیات سے ملاقات کی جس پر دو دن سے ملک بھر میں بحث جاری ہے۔

نگراں دور حکومت میں پاکستان کے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے فوج کے سربراہ سرگرم نظر آ رہے ہیں تاہم بہت سے معاشی تجزیہ کار کہتے ہیں کہ فوجی سربراہوں کے ناکام تجربوں کے باعث ملک موجودہ صورتحال کا شکار ہوا ہے۔

ادھر فوج کے امور کی رپورٹنگ کرنے والے نامہ نگاروں کا دعویٰ ہے کہ کوئی بھی غیرملکی سرمایہ کار اور دوست ملکوں کے حکمران پاکستان میں آرمی چیف سے ہی بات کرنا چاہتے ہیں۔

سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل فیض حمید کے دور میں ملکی معیشت کے ساتھ کیے گئے تجربات کے باعث پاکستان اس وقت ایک بدترین بحران سے گزر رہا ہے۔