ایک صحت مند طرز زندگی آپ کو اپنی زندگی کے سفر میں آگے بڑھنے میں مدد کرتی ہے تاہم اس پر عملدرآمد ہمیشہ آسان نہیں ہوتا ہے۔ باقاعدگی سے ورزش کرنے یا صحت مند کھانا تیار کرنے کے لیے وقت اور توانائی تلاش کرنا بہرحال ایک مشکل امر ہے لیکن آپ کی کوششیں پھر ہمیشہ کے لیے کئی طریقوں سے ثمرآور ثابت ہوتی ہیں۔

ہفتے کے بیشتر دنوں میں 30 منٹ تک جسمانی طور پر متحرک رہیں اور اگر وقت کی تنگی ہو تو اسے 10 منٹ کے 3 مراحل میں بانٹ دیں۔ ایسی صحت مند سرگرمیوں کے لیے چہل قدمی، کھیل، رقص، یوگا یا دوڑ کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔

متوازن غذا لیا کریں۔ پھل، سبزیاں اور اناج ، کم چکنائی والی غذا کھائیں۔ ایسی غذا کا انتخاب کریں جس میں سیر شدہ چکنائی اور کولیسٹرول کم ہو اور چینی، نمک اور چربی کا استعمال اعتدال میں رہتے ہوئے کیا جائے۔

انجری سے بچنے کے لیے کار میں سیٹ بیلٹ اور موٹر سائیکل پر ہیلمٹ پہنیں، گھر میں دھوئیں اور کاربن مونو آکسائیڈ کا پتہ لگانے والے ڈٹیکٹرز استعمال کریں۔ تمباکو سے گریز کریں اگر اس کی عادت ہے تو اس سے پیچھا چھڑائیں۔

کھانے کے بعد اور سونے سے پہلے اپنے دانتوں کو نرم ٹوتھ برش سے صاف کریں۔ ڈینٹل فلاس روزانہ استعمال کریں۔

خاص طور پر صبح 10 بجے سے سہ پہر 3 بجے کے درمیان دھوپ سے دور رہیں کیوں کہ اس وقت سورج کی نقصان دہ شعاعیں زیادہ تیز ہوتی ہیں اور مطلع ابر آلود ہونے یا آپ پانی میں ہونے پر یہ مت سوچیں کہ آپ محفوظ ہیں کیوں کہ نقصان دہ شعاعیں دونوں سے گزرتی ہیں۔ سن اسکرین کا استعمال کریں جو یو وی اے اور یو وی بی دونوں شعاعوں سے حفاظت کرتا۔ دھوپ کے چشمہ استعمال کریں جو سورج کی شعاعوں کو روکتا ہے۔

آپ  اپنے کام، خاندان اور دیگر معاملات سے نمٹنے کے دوران تناؤ میں رہتے ہیں اور اپنے لیے بہت کم وقت نکال پاتے ہیں۔ اپنی زندگی میں توازن لاتے ہوئے کچھ وقت اپنے لیے بھی نکال لینا صحت کے لیے خاصا سودمند ثابت ہوتا ہے۔

خاندان اور دوستوں کے ساتھ رابطے میں رہیں، اپنی کمیونٹی میں شامل رہیں، مثبت رویہ رکھیں اور ایسے کام کریں جو آپ کو خوش کریں، اپنے تجسس کو زندہ رکھیں، صحت مند رہنے کے طریقے سیکھتے رہنا آپ کے لیے ہمیشہ سودمند رہتا ہے۔

اپنی زندگی میں تناؤ کو پہچاننا اور اسے مینیج کرنا سیکھیں۔ تناؤ کی علامات میں نیند میں دشواری، بار بار سر درد اور پیٹ کے مسائل اور زیادہ غصہ آنا بھی شامل ہیں۔ تناؤ سے نمٹنے کے اچھے طریقوں میں باقاعدگی سے ورزش، صحت مند کھانے کی عادت، اور مشقیں جیسے گہرے سانس لینے یا مراقبہ شامل ہیں۔ خاندان کے بھروسے مند افراد اور دوستوں سے بات کرنے سے بہت مدد مل سکتی ہے۔ مناست نیند اور آرام حاصل کریں- بالغوں کو رات میں تقریباً 8 گھنٹے کی نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔

اگر آپ کچھ دنوں سے زیادہ افسردہ محسوس کرتے ہیں تو اپنے معالج سے بات کریں۔ ڈپریشن ایک قابل علاج بیماری ہے۔ ڈپریشن کی علامات میں خالی پن اور اداسی محسوس کرنا، بہت زیادہ رونا، زندگی میں دلچسپی ختم ہونا، اور موت یا خودکشی کے خیالات شامل ہیں۔