پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری کے درمیان ملاقات ہوئی

ڈربن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین – آن لائن۔ 11 جولائی2023ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف اور بورڈ آف کنٹرول فار ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سیکرٹری جے شاہ کے درمیان آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کے سائیڈ لائنز پر ملاقات ہوئی ہے۔ اس اہم ملاقات میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات میں جمی برف پگھلنے لگی اور جے شاہ نے پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی۔دونوں سربراہان کے درمیان ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو کرکٹ پر مل بیٹھنا چاہیے۔ ذرائع نے بتایاکہ ذکا اشرف نے جے شاہ کو ایشیا کپ میں پاکستان آنے کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ ذرائع کے مطابق جے شاہ نے ذکا اشرف کو بھارت میں ورلڈکپ میں دیکھنے کی دعوت دی اور انہوں نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی۔