ملک میں بجلی کے بلوں سے بگڑتی صورتحال، عوام کے شدید احتجاج اور غم وغصہ دیکھ کر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

تاریخ کی مہنگی ترین بجلی کے بلوں پر کراچی تا خیبر عوام کے شدید احتجاج، غم وغصے سے بگڑتی صورتحال کے پیش نظر نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آج ہنگامی اجلاس بلا لیا ہے جس میں وزارت بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں خے ذمے داروں کو طلب کر کے ان سے بریفنگ دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اجلاس میں صارفین کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں عوام کا شدید احتجاج جاری ہے، شہر شہر ریلیاں نکالی جا رہی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جارہا ہے، اضافی ٹیکس واپس لیئے جائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی میں بپھرے ہوئے شہریوں نے کے ای عملے کی مرمت کر دی ہے جب کہ کراچی، پنڈی اور مختلف شہروں کی تاجر برادری نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے پہلے ہی مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، بجلی کے بلوں نے گزارا مزید مشکل کردیا، گھرکی اشیا بیچ کربجلی کے بل جمع کرانے پرمجبور ہیں۔

ملک بھر میں “بجلی بل ادا نہیں کریں گے” تحریک شروع

عوام کے شدید احتجاج کو دیکھتے ہوئے حکومت نے بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت یونٹس کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے سیکرٹری پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ بجلی کمپنیوں کے افسران کو مفت یونٹس کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔